نئی دہلی،یکم اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے بی جے پی صدر امت شاہ پر اپنے انتخابی حلف نامے میں ایک پلاٹ کی قیمت کو لے کر غلط معلومات دینے کا الزام عائد کیا اور کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لیتے ہوئے گاندھی نگر کے الیکشن افسر کو کارروائی کا حکم دینا چاہئے۔پارٹی کے ترجمان منیش تیواری نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کی جانبداری یقینی بنانے کے لئے اس معاملے پر قدم اٹھانا چاہئے۔تیواری نے کہا کہ امت شاہ جی نے گاندھی نگر سے نامزدگی داخل کی ہے۔شاہ نے جو حلف نامہ داخل کیا ہے اس کے مطابق ان کی جائیداد میں تین سو فیصد کا اضافہ ہوا۔انہوں نے دعوی کیا کہ شاہ نے گاندھی نگر میں ایک پلاٹ ہونے کا ذکر کیا ہے۔گجرات حکومت کے قوانین کے مطابق اس پلاٹ کی قیمت 66 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ انہوں نے اس کی قیمت 25 لاکھ روپے بتائی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگی قانون کے مطابق کوئی بھی امیدوار غلط معلومات نہیں دے سکتا، جبکہ شاہ کے حلف نامے میں غلط معلومات دی گئی ہے۔تیواری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نوٹس لے اور گاندھی نگر کے الیکشن افسر کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین موضوع ہے۔ایسا لگتا ہے کہ صرف بی جے پی قیادت کے اچھے دن آئے ہیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پارٹی الیکشن کمیشن کا رخ کرے گی تو تیواری نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری باتوں پر کمیشن نوٹس لے گا، لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتا ہے تو ہم دوسرے قدم اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کی جانبداری برقرار رکھنے کے لئے اس پر نوٹس لینا چاہئے۔کانگریس کے اس الزام پر فی الحال بی جے پی کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔